بانی و صدر پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم کا شعبۂ اُردو جامعہ سندھ کا یادگار دورہ

پیووف آفیشل
0


جامعات کسی بھی معاشرے کی فکری اور علمی ترقی کی بنیاد ہوتی ہیں ، جب کہ نوجوان اس بنیاد کو مستقبل میں مضبوط بنانے کی حقیقی قوت ہیں۔ پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم اسی یقین کے ساتھ نوجوانوں میں مطالعہ ، تحریر ، تحقیق کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ اسی سلسلے میں فورم کے بانی و صدر جناب عدنان الیاس سینھڑو نے شعبۂ اُردو ، جامعہ سندھ کا خصوصی دورہ کیا ، جو ان کے لیے جذبات اور یادوں سے بھرپور لمحہ تھا۔ یہ وہی شعبہ ہے جہاں انہوں نے اپنے علمی سفر کے قیمتی چار برس گزارے ، جہاں اساتذۂ کرام کی رہنمائی نے ان کی فکری اور ادبی شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ برسوں بعد اسی درس گاہ میں واپسی نے پرانی یادوں کو تازہ کر دیا اور اساتذہ و طلبہ سے دوبارہ ملاقات اس دورے کا خوبصورت ترین پہلو ثابت ہوئی۔ شعبۂ اُردو آمد پر اساتذہ اور طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صدرِ شعبۂ اُردو ، اپنی استاد محترمہ پروفیسر ڈاکٹر شذرہ حسین سے تفصیلی ملاقات کی۔ خوش گوار اور علمی ماحول میں ہونے والی اس نشست کے دوران پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم کے اغراض و مقاصد ، ادبی و تعلیمی سرگرمیوں ، نوجوان لکھاریوں کی تربیت اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پروفیسر ڈاکٹر شذرہ حسین نے فورم کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنی قیمتی آراء اور رہنمائی سے نوازا۔ پیووف کی جانب سے ان کی علمی ، انتظامی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم کی جانب سے انہیں شیلڈ ، توصیفی سند اور توصیفی خط پیش کیا گیا۔ بعد ازاں جناب عدنان الیاس نے شعبے کے دیگر معزز اساتذہ ڈاکٹر محمد احمد اعوان ، ڈاکٹر عابدہ ہما ، محترمہ اسماء شہزادی اور انا شیخ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر علمی سرگرمیوں ، نوجوان نسل میں تحریری شعور کے فروغ اور مستقبل میں مشترکہ ادبی اقدامات کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اسی موقع پر ڈاکٹر عابدہ ہما اور ڈاکٹر محمد احمد اعوان کو پی ایچ ڈی کی کامیاب تکمیل پر ، جب کہ محترمہ اسماء شہزادی کو ایم فل کی تکمیل پر دلی مبارک باد پیش کی گئی۔ فورم کی جانب سے ان کی علمی خدمات اور کامیابیوں کے اعتراف میں شیلڈز ، توصیفی اسناد اور توصیفی خطوط بھی پیش کیے گئے۔ دورے کا ایک اہم اور متاثرکن حصہ سالِ آخر کے طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست تھی۔ اس نشست میں جناب عدنان الیاس نے فورم کے اغراض و مقاصد ، ادبی سرگرمیوں ، نوجوان لکھاریوں کے لیے دستیاب مواقع اور ادب کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی اہمیت پر جامع گفتگو کی۔ طلبہ نے نہ صرف بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا بلکہ فورم کی سرگرمیوں میں فعال شرکت کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ یہ دورہ اس حقیقت کا مظہر تھا کہ تعلیمی ادارے اور ادبی تنظیمیں جب ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں تو نوجوانوں کے لیے علم اور تخلیق کے نئے دروازے کھلتے ہیں۔ پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم آئندہ بھی جامعات ، کالجوں اور نوجوان اہلِ قلم کے ساتھ ایسے ہی بامقصد روابط کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ دورے کے اختتام پر جناب عدنان الیاس نے شعبۂ اُردو ، جامعہ سندھ کے اساتذہ اور طلبہ کا محبت بھرے استقبال ، خلوص اور تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ شعبۂ اُردو اور پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم کے درمیان علمی اور ادبی تعاون کا یہ خوبصورت رشتہ مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں (0)
3/related/default