اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج آپریشن 2027ء کے لیے نجی حج اسکیم میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت نجی حج آپریشن کو سعودی عرب کے ’’نسک مسار‘‘ ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
آئندہ نجی حج کی بکنگ براہِ راست نجی آپریٹرز کے بجائے وزارتِ مذہبی امور کے توسط سے ہونے کا امکان ہے، جب کہ نجی حج اسکیم وزارت کی سرکاری ’’پاک حج‘‘ ایپ کے ذریعے چلائی جائے گی۔
اس فیصلے کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ سرکاری حج اسکیم کے ساتھ نجی حج آپریشن بھی وزارتِ مذہبی امور کی براہِ راست نگرانی میں ہوگا۔ اس نظام کا مقصد حج انتظامات میں شفافیت، نگرانی اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ڈیجیٹل نظام کے ذریعے بکنگ اور دیگر حج معاملات کو ایک مرکزی نظام سے منسلک کرنے سے عازمین کے لیے معلومات تک رسائی آسان ہونے اور انتظامی امور میں بہتری آنے کی توقع ہے۔ تاہم اس نظام کی کامیابی کا انحصار اس کے شفاف اور مؤثر نفاذ پر ہوگا، تاکہ عازمینِ حج کو سہولت کے ساتھ ساتھ بروقت رہنمائی بھی فراہم کی جا سکے۔

