ریحان اللہ والا اور ان کی ٹیم کا راشدآباد ٹنڈوالہیار کا خصوصی تعلیمی و مطالعاتی دورہ

پیووف آفیشل
0


گزشتہ دنوں ماہر تعلیمی ، جدید ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے میدان میں سرگرم شخصیت جناب ریحان اللہ والا اپنی ٹیم کے ہمراہ راشدآباد ، ٹنڈوالہیار کے خصوصی تعلیمی و مطالعاتی دورے پر تشریف لائے۔ ان کے ہمراہ مختلف تعلیمی اور ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد دیگر ساتھی شامل تھے۔  جناب ریحان اللہ والا کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جو جدید مصنوعی ذہانت اور مستقبل کی مہارتوں کے حوالے سے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔ وہ نوجوانوں کو بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے ، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور مستقبل کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے مختلف سطحوں پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مختلف تعلیمی و تربیتی منصوبے نوجوانوں کو جدید علوم اور مہارتوں سے جوڑنے کی کوششوں کا حصہ ہیں ، جب کہ ان سے وابستہ کئی طلبہ اور نوجوان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے الگ شناخت قائم کر رہے ہیں۔ راشدآباد ، ٹنڈوالہیار ایک ایسا منفرد مقام ہے جہاں تعلیم اور فلاحی سرگرمیاں ایک ساتھ نظر آتی ہیں۔ یہ علاقہ اپنی علمی اور سماجی شناخت کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہاں قائم مختلف ادارے تعلیم ، یتیم بچوں کی کفالت، خصوصی افراد کی نگہداشت اور انسانی خدمت کے شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ راشدآباد میں قائم ایس ایس ٹی پبلک اسکول بھی تعلیم کے میدان میں ایک نمایاں ادارے کی حیثیت رکھتا ہے ، جہاں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ یہی علمی اور فلاحی ماحول راشدآباد کو ایک منفرد شناخت عطا کرتا ہے۔ جناب ریحان اللہ والا صاحب اور ان کی ٹیم کا یہ دورہ اسی مطالعاتی اور فلاحی ماحول کا مشاہدہ کرنے کے مقصد سے تھا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے آغوش کا دورہ کیا ، جو الخدمت فاؤنڈیشن کا اہم ذیلی ادارہ ہے اور یتیم بچوں کی کفالت ، تعلیم ، تربیت اور بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کے مختلف پہلوؤں کا مشاہدہ کیا۔ جناب ریحان اللہ والا صاحب اور ان کی ٹیم نے دارالسکون کا بھی دورہ کیا ، جہاں معذور اور خصوصی افراد کی خدمت اور نگہداشت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے خصوصی افراد سے ملاقات کی ، ان سے گفتگو کی اور ان کے حالات و تجربات کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کی۔ جناب ریحان اللہ والا صاحب اور ان کی ٹیم کے میزبان بانی و صدر (پیووف) جناب عدنان الیاس اور ان کے بھائی عدیل الیاس مینٹور آغوش الخدمت فاؤنڈیشن راشدآباد تھے  اسی موقع پر جناب ریحان اللہ والا صاحب نے جناب عدنان الیاس سے بھی خصوصی ملاقات کی۔ جناب عدنان الیاس نے پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم کے اغراض و مقاصد اور نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں اور فکری شعور کے فروغ کے لیے فورم کی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا ، جب کہ جناب ریحان اللہ والا نے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور نوجوانوں کے لیے مستقبل کے مواقع کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان شاء اللہ مستقبل میں پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم اور جناب ریحان اللہ والا صاحب کے درمیان  ادب ، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے مل کر کام کیا جائے گا۔ اسی طرح کی بامقصد ملاقاتیں اور فکری تبادلے بھی آئندہ جاری رہیں گے ، تاکہ نوجوانوں کے لیے تخلیق ، ٹیکنالوجی اور ترقی کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ جناب ریحان اللہ والا صاحب اور ان کی پوری ٹیم کی راشدآباد آمد ہمارے لیے باعثِ مسرت اور حوصلہ افزائی تھی۔ پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم کی جانب سے جناب ریحان اللہ والا صاحب اور ان کی پوری ٹیم کو راشدآباد آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ ملاقات مستقبل میں ایک مضبوط ، بامقصد اور نتیجہ خیز تعاون کا آغاز ثابت ہوگی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں (0)
3/related/default