پیووف حیدرآباد ڈویژن کے ذمہ داران کا تنظیمی اجلاس ، آفیشل ویب بلاگ کے آغاز پر تفصیلی غور۔

پیووف آفیشل
0

حیدرآباد : پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم (پیووف) حیدرآباد ڈویژن کے ذمہ داران کا تنظیمی اجلاس بروز ہفتہ 25 جولائی 2026 کو فورم کے بانی و صدر عدنان الیاس کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی امور، آئندہ منصوبہ بندی، سالانہ ممبرشپ مہم، آفیشل ویب بلاگ کے آغاز اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت برادر فصیح الحسن نے حاصل کی۔ اس موقع پر بانی و صدر عدنان الیاس نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پیووف نوجوان قلم کاروں، ادیبوں، شاعروں، گرافک ڈیزائنرز، ویڈیو ایڈیٹرز، وائس اوور آرٹسٹس اور دیگر باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے، مثبت انداز میں پیش کرنے اور قومی سطح پر اپنی شناخت بنانے کے لیے ایک مؤثر اور باوقار پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت اخلاص اور باہمی تعاون کے ساتھ ادا کریں اور فورم کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اجلاس میں سالانہ ممبرشپ مہم کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے ممبرشپ میں اضافے، تنظیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے، مختلف تعلیمی اداروں اور ادبی حلقوں سے روابط استوار کرنے اور نوجوانوں کو فورم کا حصہ بنانے کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو پاکستان یوتھ وائس اینڈ رائٹرز فورم کے آفیشل ویب بلاگ کے آغاز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ یہ بلاگ اہلِ قلم، ادیبوں، شاعروں اور تخلیق کاروں کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو گا، جہاں ان کی تخلیقات، ادبی سرگرمیاں، خبریں، مضامین، کالم اور دیگر علمی و ادبی کاوشیں وسیع حلقۂ قارئین تک پہنچ سکیں گی۔ اس موقع پر حیدرآباد ڈویژن کے مختلف تنظیمی عہدوں پر ذمہ داران کے تقررات کا بھی اعلان کیا گیا۔ نومنتخب ذمہ داران نے اپنی ذمہ داریاں اخلاص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دینے کا عزم کیا اور فورم کے مشن و مقاصد کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عہد کا اظہار کیا۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے بانی و صدر عدنان الیاس کی والدۂ محترمہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ مرحومہ کے درجاتِ بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام جب کہ تمام لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ آخر میں بانی و صدر عدنان الیاس نے تمام شرکاء کا اجلاس میں شرکت اور تنظیمی وابستگی پر شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

رپورٹ : وانیہ خانزادہ ۔ جنرل سیکرٹری حیدرآباد ڈویژن پیووف

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں (0)
3/related/default