آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ شروع، 13 حلقوں میں ووٹنگ جاری۔

پیووف آفیشل
0

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کر سکیں گے۔ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکامِ پاکستان پارٹی، دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 1 ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ شفاف اور منظم انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں کے لیے 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں کے لیے 1 ہزار 107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں کے لیے 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر، جسٹس (ریٹائرڈ) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن، شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں، جبکہ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں (0)
3/related/default