کراچی میں بنوقابل الخدمت کے زیرِاہتمام منعقدہ عظیم الشان کانووکیشن تقریب کے دوران امیر جماعت اسلامی پاکستان اور بنو قابل پاکستان کے بانی نے اسٹیٹ آف دی آرٹ فری آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر دیا۔ اپنے خطاب کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی جدید آئی ٹی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی تک مفت رسائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ یونیورسٹی جدید سہولیات سے آراستہ ہوگی اور اس کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو عملی مہارتوں اور بین الاقوامی مواقع سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بنوقابل کا سفر صرف مفت آئی ٹی کورسز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اب اسے ایک مکمل اور عالمی معیار کے تعلیمی ادارے کی شکل دی جائے گی تاکہ پاکستان کے نوجوان ہنر اور ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ تقریب میں ہزاروں فارغ التحصیل طلبہ و طالبات ، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس اعلان کو پاکستان میں معیاری اور مفت آئی ٹی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

