وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 25 جولائی 2026 سے ہو گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 66 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل رد و بدل دیکھنے میں آیا ہے۔ 18 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ عالمی منڈیوں کی بندش کے باعث 21 جولائی کو قیمتوں کا تعین ایک روز بعد کیا گیا، جس میں پیٹرول 35 پیسے فی لیٹر سستا جب کہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔ اس کے بعد 22 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جب کہ 23 جولائی کو پیٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔ اسی طرح 24 جولائی کو بھی پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جب کہ اب 25 جولائی کے لیے ایک مرتبہ پھر دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش، زرعی لاگت اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

