ایران پر امریکی حملوں میں وقفے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

پیووف آفیشل
0

 

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی میں وقفے کے اعلان کو قرار دیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے ایران پر جاری حملوں میں وقفہ دینے کے اعلان کے بعد عالمی توانائی کی منڈی میں مثبت ردِ عمل دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتیں 5 فیصد سے زائد کم ہو گئیں۔ رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 5.58 امریکی ڈالر یا 5.77 فیصد کمی کے بعد 91.20 امریکی ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت 4.91 امریکی ڈالر یا 5.50 فیصد کمی کے بعد 84.40 امریکی ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ کمی اور سفارتی حل کی امید نے عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کو کم کیا، جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ واضح رہے کہ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف تقریباً 13 روز سے جاری فوجی کارروائی کو روکنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ وقفہ عارضی ہے، صرف ایک روز کے لیے ہے یا دونوں ممالک کے درمیان کسی ممکنہ جنگ بندی کی جانب پیش رفت ہو رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال عالمی توانائی کی منڈی پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے، اس لیے آئندہ چند روز میں امریکا اور ایران سے متعلق پیش رفت خام تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں (0)
3/related/default