لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز اور آئندہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں دو اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق اوپننگ بیٹر عبداللہ فضل انجری کے باعث قومی اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ تجربہ کار اوپنر عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عبداللہ فضل کا انجری کے بعد ایم آر آئی اسکین کرایا گیا، جس کے بعد طبی ماہرین نے انہیں فوری طور پر ری ہیبلیٹیشن پروگرام شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ اسی وجہ سے وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی ماندہ ایک ٹیسٹ میچ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ دوسری جانب مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی ایک ٹیسٹ میچ کے لیے اضافی بیٹنگ آپشن کے طور پر قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت ان کی مکمل فٹنس سے مشروط ہو گی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اختتام کے بعد قومی ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا شیڈول - پہلا ٹیسٹ: 19 تا 23 اگست، ہیڈنگلے - دوسرا ٹیسٹ: 27 تا 31 اگست، لارڈز - تیسرا ٹیسٹ: 9 تا 13 ستمبر، ایجبسٹن
ادھر ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام تک میزبان ٹیم کے 311 رنز کے جواب میں 199 رنز بنا لیے تھے اور میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، ساجد خان، سلمان علی آغا، شان مسعود اور عبید شاہ۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، علی عثمان، عبداللہ شفیق، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل (فٹنس سے مشروط)، شان مسعود اور عبید شاہ۔

