لاہور میں صبح سویرے شروع ہونے والا مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل تھم گیا، تاہم شدید بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کا عمل تاحال جاری ہے۔ واسا لاہور کے ترجمان کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش لاہور ایئر پورٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، جہاں بارش کا مجموعی حجم 263 ملی میٹر تک پہنچ گیا۔ ترجمان واسا کے مطابق تاج پورہ میں 157.4 ملی میٹر، کاہنہ میں 143 ملی میٹر، مغل پورہ میں 133 ملی میٹر اور مناواں میں 112.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اسی طرح شادی پورہ میں 136 ملی میٹر، مال روڈ پر 116 ملی میٹر جبکہ جوہر ٹاؤن میں 81 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے بعد لاہور کے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس کے باعث واسا کی ٹیمیں اور اضافی مشینری نکاسیٔ آب کے کام میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز شہر کی اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا تھا، جب کہ متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے شہر میں نکاسیٔ آب کے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ گلگت کے علاقے کنوداس میں بھی گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں مرکز کالونی میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔ محکمۂ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو ممکنہ خطرات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

