کراچی کے علاقے گلشنِ معمار عمر بروہی گوٹھ میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تین ملزمان اپنے ہی فرار ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق چھاپے کے وقت گرفتار تینوں ملزمان بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ فرار ملزمان کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں گرفتار ڈاکوؤں سریش، رام چند اور انیل کو بھی گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ زخمی گرفتار ملزمان کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں ملزمان کو ساؤتھ زون پولیس اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا، جبکہ ان کے مزید تین ساتھی، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، تاحال فرار ہیں۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر آکاش کو 13 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک کے باہر ڈکیتی کی واردات کے دوران قتل کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے بینک سے نکلنے والے افراد سے تقریباً 25 لاکھ روپے لوٹنے کے بعد مزاحمت پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈاکٹر آکاش جاں بحق ہو گئے تھے۔ ایس آئی یو پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

