دریائے راوی اور معاون ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی صورتِ حال

پیووف آفیشل
0

 

محکمۂ آب پاشی نے دریائے راوی اور اس سے ملحق معاون ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی تازہ ترین تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق مختلف مقامات پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ بعض ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلاب بھی رپورٹ ہوا ہے۔ محکمۂ آب پاشی کے مطابق دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 17 ہزار 500 کیوسک جب کہ جسڑ کے مقام پر 24 ہزار 940 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق نالہ اوج جلالہ میں پانی کا بہاؤ 7 ہزار 200 کیوسک، نالہ بسنتر میں 5 ہزار 386 کیوسک اور نالہ ڈیک کنگرہ میں 5 ہزار 141 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتِ حال برقرار ہے۔ اسی طرح نالہ بئیں شکر گڑھ میں پانی کا بہاؤ 1 ہزار 407 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام دروازے کھولنے کی اطلاعات کے بعد سیالکوٹ، وزیر آباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں نے مقامی انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات تیز کرنے اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمۂ آب پاشی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے شہریوں، خصوصاً دریا اور ندی نالوں کے کنارے آباد افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر پانی کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں (0)
3/related/default