کویت اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی منظوری

پیووف آفیشل
0


 کویت: کویتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کی منظوری کا حکم نامہ نمبر 73 آف 2026 کے تحت سرکاری گزٹ کویت الیوم میں شائع کر دیا گیا ہے۔ معاہدے کے متن کے مطابق یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو کویت میں طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان فوجی تربیت، تعلیم، مسلح افواج کے تعاون اور دیگر دفاعی شعبوں میں رابطوں کے لیے ایک جامع فریم ورک قائم کیا جائے گا۔ معاہدے میں دونوں ممالک کے قوانین، ضوابط اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوجی اہلکاروں کے تبادلے، لاجسٹک تعاون، تکنیکی ماہرین کے تعاون، سائنسی و تکنیکی شعبوں میں اشتراک اور ملٹری انٹیلیجنس سمیت مختلف شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دونوں ممالک باہمی اتفاق سے ایگزیکٹو پروٹوکول اور سالانہ پروگرام تیار کریں گے، جب کہ مختلف سطحوں پر سرکاری اور فوجی وفود کے تبادلوں کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت تعاون کی نگرانی اور رابطہ کاری کے لیے ایک مشترکہ فوجی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، جو دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی جانب سے مقرر کردہ نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔ یہ کمیٹی سال میں کم از کم ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرے گی۔ معاہدے میں خفیہ معلومات کے تحفظ سے متعلق خصوصی شقیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ دونوں ممالک ایک دوسرے سے حاصل ہونے والی کلاسیفائیڈ دستاویزات، معلومات اور مواد کو دوسرے فریق کی تحریری اجازت کے بغیر کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کر سکیں گے۔ معاہدے کے مطابق معلومات کی رازداری برقرار رکھنے کی ذمہ داری معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی جاری رہے گی۔ مالی معاملات کے حوالے سے معاہدہ باہمی تعاون کے اصول پر مبنی ہوگا۔ سرکاری دوروں پر آنے والے وفود کے اندرونِ ملک سفر، رہائش اور ہنگامی طبی اخراجات میزبان ملک برداشت کرے گا۔ معاہدے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس کی دفعات کسی دوسرے بین الاقوامی معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے حقوق یا ذمہ داریوں کو متاثر نہیں کریں گی۔ کسی بھی اختلاف کی صورت میں دونوں ممالک باہمی مشاورت کے ذریعے مسئلے کو حل کریں گے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

ایک تبصرہ شائع کریں (0)
3/related/default